مہنگائی میں مسلسل اضافے کا رجحان،17 اشیاء کی قیمتیں مزید بڑھ گئیں

76

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ملک میں مہنگائی کی شرح میں مسلسل اضافے کا رجحان جاری، حالیہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں0.80 فیصد اضافہ ہواہے اور سالانہ بنیادوں پرمہنگائی کی شرح 4.64 فیصد سے بڑھ کر5.08 فیصد ہوگئی ہے۔ وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جمعہ کو مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے میں 17 اشیاء مہنگی اور 10 اشیا سستی ہوئیں جبکہ24 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں، حالیہ
ہفتے کے دوران ٹماٹر کی قیمتوں میں20.75 فیصد،چکن کی قیمتوں میں 22.47 فیصد، چینی2.19فیصد، بیف 0.69 فیصد، سرسوں کا تیل 0.69 فیصد، کوکنگ آئل 0.74فیصد، ایل پی جی 0.18فیصد،جلانے والی لکڑی 0.95 فیصد اورگھی کی قیمتوں میں0.91 فیصد اضافہ ہوا۔ اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح0.69فیصداضافے کے ساتھ 5.10 فیصد، 17 ہزار 733روپے سے 22 ہزار 888روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 0.78 فیصداضافے کے ساتھ 5.09 فیصد رہی۔ 22 ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح0.76فیصد اضافے کے ساتھ 5.22فیصد، 29 ہزار 518روپے سے 44ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح0.82 فیصداضافے کے ساتھ4.98 فیصد رہی جبکہ 44 ہزار 176روپے ماہانہ سے زاید آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح0.81 فیصداضافے کے ساتھ 5.09فیصد رہی ہے۔