کٹھ پتلیاں ایٹمی اثاثے بیچنے کیلیے تیار ہیں،بلاول

76

لاڑکانہ(بیورو رپورٹ)کٹھ پتلیاں ایٹمی اثاثے بیچنے کے لیے تیار ہیں ، بلاول ۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے کہا ہے کہ ملک کے خلاف بیان دینے والے پاکستان کے لیے فکر مند نہیں، بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان صرف بہانہ ہیں، اصل میں میزائل پروگرام نشانہ ہے، سیاسی کٹھ پتلیاں ملک کے ایٹمی اثانوں پر سودا کرنے کو بھی تیار رہتی ہیں۔شہید محترمہ
بینظیر بھٹو کی 17 ویں برسی کے موقع پر صوبہ سندھ کے ضلع لاڑکانہ کے گاؤں گڑھی خدا بخش میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی بی شہید نے 30 سال تک سیاسی جدوجہد کی، بینظیر بھٹو شہید ملک کی عوام کی حقیقی نمائندہ تھی، انہوں نے پاکستان اور عوام کے خاطر جدوجہد کی اور جام شہادت نوش کیا۔بلاول کا کہنا تھا کہ بی بی کو شہید کرنے والے لوگوں کی غلط فہمی تھی کہ ان کی غیر موجودگی میں پورے پاکستان کی تمام حقیقی آوازیں ہمیشہ کے لیے دب جائیں گی اور ملک میں صرف سیاسی کٹھ پتلیاں ہوں گی۔ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ تمام ملکی مفاد کو پرے رکھ کر ہر قسم کی سودے بازی کے لیے تیار ہوتے ہیں، ایسے لوگوں کو صرف اسلام آباد میں کرسی پر بیٹھنے کا شوق ہوتا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملکی سیاسی صورتحال میں وہ واحد سیاسی جماعت ہے جو سلیکٹڈ ہے اور نہ فارم 47 والی۔بلاولچیئرمین پیپلز پارٹی نے نام لیے بغیر حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جب حکومت سازی کا وقت تھا تو ہمارا کسی کرسی یا وزارت کا شوق نہیں تھا، اس وقت فیصلہ کیا تھا کہ سیاسی استحکام، مہنگائی میں کمی کا وعدہ کرنے والی سیاسی جماعت کا ساتھ دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت سازی کے وقت حکمران جماعت سے ایک معاہدے پر دستخط کیا تھا جس میں ہم نے کہا تھا کہ آپ کو اپنے ووٹ تو دلوارہے ہیں لیکن ایسا نہ ہو کہ آپ ووٹ لے کر آنکھیں پھیر لیں،اس طرح نہ ہو کہ جیسا ماضی میں ایک سیاست دان نے آپ کے بارے میں کہا تھا کہ جب مشکل میں ہو تو یہ پیر پکڑتے ہو اور جب اس سے نکل جائیں تو گلہ پکڑتے ہیں۔بلاول زرداری نے مزید کہا کہ حکومت کے پاس یکطرفہ فیصلے کرنے کا مینڈیٹ نہیں ہے، حکومت کے پاس صرف اجتماعی فیصلے کرنے کا اختیار ہے۔انہوں نے کہا کہ صدر پاکستان سے درخواست کرتا ہوں کہ حکومت کو تجویز دی جائے کہ جو فیصلے اتفاق رائے سے ہوتے ہیں وہ طاقت ور ہوتے ہیں اور مسائل کا اصل حل نکالتے ہیں۔بلاول نے کہا حکومت کے کینالوں کی پالیسی پر سخت اعتراض ہے اور یہ معاہدے کی خلاف ورزی ہے اور یکطرفہ فیصلہ ہے، ان تمام مسائل پر ہماری کوشش یہی رہے گی عوام کے حقوق کا تحفظ کریں اور پاکستان کے مسائل کا حل نکالیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ملک کے خلاف تیار ہونے والی بین الاقوامی سازش کا مقابلہ کرنے کے لیے سیاست کو ایک طرف رکھ کر پاکستان اور اس کا دفاع کا سوچنا پڑے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ آج کل پاکستان کے مخالفین شہید ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کے دیئے ہوئے میزائل ٹیکنالوجی کے تحفے کو میلی آنکھ سے دیکھ رہے ہیں، ان کی خواہش ہے کسی مسلمان ملک کے پاس ایسی قوت نہ ہو اور وہ کسی نہ کسی بہانے سے آپ کی یہ طاقت چھننا چاہتے ہیں۔بلاول نے امریکا کی جانب سے پاکستان کی میزائل ٹیکنالوجی پر پابندیوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ہوتے ہوئے ہم اپنی ایٹمی اثاثوں اور نہ ہی میزائل پروگرام پر کسی قسم کی سودے بازی نہیں کرنے دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ مختلف ممالک ہماری اندرونی سیاست کے اوپر بیان دے رہے ہیں لیکن یہ سب کچھ بہانہ ہے اور کسی کو پاکستان کی جمہوریت کے بارے میں کوئی فکر نہیں ہے، عمران خان صرف بہانہ ہے اصل میں نشانہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام اور میزائل ٹیکنالوجی ہے۔اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی طاقت اور دعاؤں سے دوبارہ صدر بنا ہوں، پاکستان اور وفاق کے ساتھ وفا ہے، ملک کو بچانا ہے، مشکل حالات سے پاکستان کو نکالیں گے۔آصف زرداری کا کہنا تھا کہ اگر کوئی سپر پاور ہے تو مولا بھی اس سے بڑی سپر پاور ہے اور وہی ایک واحد طاقت ہے، عوام پریشان نہ ہوں اس مشکل حالات سے پاکستان کو نکالیں گے، ہمارے لیے کوئی نئی بات نہیں ہے، ہم مسائل سے نمٹنے کے پرانے واقف کار ہیں، سب کو دیکھ لوں گا۔ان کا کہنا تھا کہ عوام کا پانی اور گیس کہیں نہیں جائے گا، تمام لوگوں اور صوبوں کو ان کا حق ملے گا۔