کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی تحقیقات ایجنسی (ایف آئی اے) نے کراچی ائرپورٹ پر انسانی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی جس میں گرفتار ملزمان کے بھارتی ایجنٹ سے رابطے کا بھی انکشاف ہوا۔ ایف آئی اے امیگریشن نے ایجنٹ سمیت 4 مسافروں کو گرفتار کیا جو غیر قانونی طریقے سے آذربائیجان سے پولینڈ جا رہے تھے‘ گرفتار ملزمان میں حسیب احمد،
قیصر احمد، عثمان علی اور ایجنٹ عبدالشکور شامل ہیں۔ ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ انسانی اسمگلر عبدالشکور کے موبائل سے اہم شواہد ملے ہیں جو انڈین ایجنٹ سے رابطے میں تھا، گوتم شرما نامی بھارتی ایجنٹ نے ملزمان کو آذربائیجان سے پولینڈ بھجوانا تھا۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کا تعلق فیصل آباد، چنیوٹ، گوجرانوالہ اور ننکانہ صاحب سے ہے، انسانی اسمگلر عبدالشکور نے 14 لاکھ روپے فی کس کے معاہدے کیے جبکہ ملزمان نے ایجنٹ کو 2 لاکھ 50 ہزار روپے فی کس ایڈوانس بھی دیے، عبدالشکور نے ملزمان کے لیے آذربائیجان کے ویزے زم زم ٹریول شانگلہ ہل سے حاصل کیے‘ ملزمان کو تحقیقات کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سیل کراچی منتقل کر دیا گیا۔ قبل ازیں ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل گجرات نے ایک گودام پر کامیاب چھاپہ مار کارروائی کی اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث گینگ کے سرغنہ یاسر شوکت کو گرفتار کر لیا۔ گودام سے 7 پاکستانی پاسپورٹ، 18 پاکستانی پاسپورٹ کی نقول، لیبیا کے 9 ویزہ اسٹیکرز اور عمرہ ویزہ کی 4 نقول برآمد ہوئیں جبکہ اس کے پاس سے 8 مصری ویزے، 23 ہوائی جہاز کے ٹکٹس اور 2 موبائل فون بھی ملے۔ ملزم شہریوں کو غیر قانونی طور پر سمندر کے راستے یورپ اور دیگر ممالک میں بھجوانے میں ملوث ہے۔ ملزم ابتدائی طور پر شہریوں کو عمرہ ویزہ پر سعودی عرب بھجواتا تھا اور وہاں سے انہیں لیبیا اور مصر منتقل کرتا تھا۔ ترجمان کے مطابق متعدد پاکستانی غیر قانونی طریقے سے بیرون جانے کی کوششوں میں کشتیوں کے حادثات میں جاں بحق ہو چکے ہیں۔ ملزمان کو مزید تحقیقات کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کردیا گیا۔