ملکی مصنوعات ، خدمات کو امریکا میں فروغ دیا جائے، پاکستانی سفیر

130
امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ صدر کے سی سی آئی سے شیلڈ وصول کر رہے ہیں

کراچی (کامرس رپورٹر)امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ اگرچہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں کئی اتار چڑھاؤ آئے ہیں تاہم تجارت میں تسلسل برقرار رہا ہے اور امریکا پاکستان کے لیے سب سے بڑی مارکیٹوں میں سے ایک ہے۔امریکا ایک بڑی مارکیٹ ہے جس کی طلب کو صرف کسی ایک ملک کے ذریعے پورا نہیں کیا جا سکتا لہٰذا یہ ایک ایسا شعبہ ہے جہاں میں سخت محنت کرنے کا ارادہ رکھتا ہوں تاکہ پاکستانی مصنوعات اور خدمات کو امریکہ میں دوسرے مسابقتی ممالک کے ساتھ متعارف کرایا جا سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے دورے کے موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں کے سی سی آئی کے صدر محمد جاوید بلوانی، سینئر نائب صدر ضیاء العارفین، نائب صدر فیصل خلیل احمد، سابق صدور مجید عزیز اور جنید اسماعیل ماکڈا کے علاوہ کے سی سی آئی کی منیجنگ کمیٹی کے اراکین نے بھی شرکت کی۔رضوان سعید نے بتایا کہ پاکستان کے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کی بحالی کے لیے جنگی بنیادوں پر کام جاری ہے جس کی تصدیق ایک کانگریسی رکن نے کی ہے جو کمیٹی کا حصہ ہیں اور یقین دلایا ہے کہ وہ جی ایس پی پلس کے لیے پاکستان کا کیس آگے بڑھائیں گے۔یہی صحیح وقت ہے کیونکہ جن لوگوں نے پاکستان کے لیے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کی مخالفت کی تھی وہ اس سال کے امریکی انتخابات میں منتخب نہیں ہوئے۔انہوں نے موجودہ تجارتی تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے لیے کے سی سی آئی سے درخواست کی کہ وہ امریکی کمپنیوں کے بارے میں تحقیق کا اشتراک کرے جن کے ساتھ کراچی کی تاجر برادری پہلے ہی رابطے میں ہے اور ان کے ساتھ ایسی امریکی کمپنیوں کی بھی نشاندہی کی جائے جن کے ساتھ وہ کاروبار کرنے کے خواہاں ہیں۔اس سے پاکستان کے سفارتخانے کو ان کمپنیوں سے رابطہ کرنے میں مدد ملے گی جس کی بدولت موجودہ تجارت کو بڑھا سکیں گے اور تجارت و سرمایہ کاری میں تعاون کے اضافی مواقع بھی تلاش کرنا ممکن ہوگا۔