کراچی (پ ر)صوبائی وزیرسید ناصرحسین شاھ نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو یوم شہادت پرخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بینظیر بھٹو اپنے نام کی طرح بینظیر اور پاکستان کی عظیم شخصیت ہے۔ انھوں نے کہا کہ شہید رانی کی قربانی کی وجہ سے آج پاکستان میں جمہوریت ہے، شہید بی بی نے دو آمروں کو اپنے انجام تک پہنچایا اور کٹھن حالات میں بھی عوام کی نجات دہندہ ثابت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ شہید بے نظیربھٹو نے والد اور بھائیوں کی طرح شہادت پائی پر مقصد سے پیچھے نہیں ہٹیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ وہ چاروں صوبوں کی زنجیر تھی،زنجیر توڑ کر ملک کا ناقابل تلافی نقصان کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے بینظیر کے پاکستان کو پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر بچایا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی قیادت میں ہم سب ملکر پاکستان کو مسائل سے نکالیں گے۔صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو نے بینظیر بھٹو شہید کی برسی پر ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کو مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم ہونے کا شرف بھی حاصل ہے اور محترمہ کا شمار عالمی پائے کے رہنماؤں میں ہوتا پے۔ ان کی سیاسی بصیرت کا بین الاقوامی سطح پر احترام کیا جاتا تھا۔