گولیمار فردوس کالونی میں پولیس سے مقابلے میں2ڈاکوہلاک

20

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) شہر کے مختلف علاقوں میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب پولیس مقابلوں میں2ڈاکو مارے گئے دیگر زخمیوں سمیت16ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ،ملزمان کے قبضے سے اسلحہ ، منشیات ،موبائل فون ،موٹر سائیکل ،نقدی اور مسروقہ سامان برآمد ہوا ۔ تفصیلات کے مطابق گلبہار تھانے کی حدود گولیمار فردوس کالونی ثناء ٹاور کے قریب جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ ہوا، دوطرفہ فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو ڈاکو موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ تاہم ایس ایس پی ساؤتھ آفس میں تعینات پولیس اہلکار45سالہ بابر ولد برکت ملزمان کی فائرنگ سے زخمی ہو ا۔ زخمی پولیس اہلکار اور ملزمان کی لاشوں کو طبی امداد اور ملزمان کی شناخت کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے۔ادھر کورنگی صنعتی ایریا تھانے کی حدود کورنگی کے ڈی اے سوسائٹی سی ٹو گراؤنڈ کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ ہوا، دوطرفہ فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہوا، گرفتار ڈاکو کی شناخت 35سالہ ایاز بیک عرف گارنیٹ ولد الطاف بیگ کے نام سے ہوئی ، تاہم اس کا ساتھی فرارہوگیا۔ پولیس نے پستول بمعہ گولیاں اور موبائل فون برآمد کر لیا۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔