کرکٹ کے ذریعے تجارت کو فروغ دینے کی اچھی کوشش

158

ٹریڈ کمیشن آف پاکستان نے پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان کرکٹ میچوں کے دوران تجارت اور سیاحت کو فروغ دینے کے حوالے سے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ٹریڈ کمیشن آف پاکستان کی ٹریڈ اتاشی فرح خان کی خصوصی کوششوں سے میچ کے دوران پاکستانی اسٹال قائم کیا گیا۔

رواں ماہ کے دوران پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان جنوبی افریقا میں منعقدہ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز کے دوران پاکستان کی تجارت کو فروغ دینے کی خاطر لگایا گیا۔ اسٹال کے ذریعے ٹیکسٹائل، کھیلوں کے سامان، خوراک اور دواسازی جیسی صنعتوں میں پاکستان کی مہارت خوبصورتی سے اجاگر کی گئی۔ اسٹیڈیم کی گنجائش 20,000 تک تھی جس کے نتیجے میں پاکستانی اسٹال خاصا کامیاب رہا۔ وقفے کے دوران پاکستان کے اعلیٰ سیاحتی مقامات اور پاکستان کی ثقافت اور تجارت کو فروغ دینے سے متعلق دو منٹ کے دورانیے کی وڈیو بھی اسٹیڈیم کی بڑی اسکرین پر دکھائی گئی۔ جنوبی افریقا میں پاکستان کے قائم مقام ہائی کمشنر فہد امجد نے بھی اسٹال کا دورہ کیا۔ قائم مقام ہائی کمشنر نے ہائی کمیشن کی طرف سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ کرکٹ شائقین اور جنوبی افریقا میں مقیم پاکستانیوں نے وزارتِ تجارت کے کاوشوں کو سراہا۔