صدر مملکت آصف علی زرداری کا شہید بینظیر بھٹو کے 17ویں یوم شہادت پر پیغام

222

اسلام آباد : صدر مملکت آصف علی زرداری نے شہید  بینظیر بھٹو کوان کے 17ویں یومِ شہادت پرخراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں بحیثیت قوم ملک کو موجودہ چیلنجز سے نکالنے کے لیے ان کے وژن سے سبق حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ بینظیر بھٹو کا وژن ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔

سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو کے  یوم شہادت پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہاکہ بینظیر بھٹو کی شخصیت امید، استقامت ، جمہوریت اور انصاف کے اصولوں سے غیر متزلزل وابستگی کا مجسمہ تھی۔ شہید بی بی ہم سب کے لیے مشعل  راہ تھیں۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ بینظیر بھٹو نے ایک ایسے پاکستان کا خواب دیکھا جہاں رنگ، طبقے اور مسلک سے بالاتر ہو کر تمام شہریوں کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا اور عوام کی طاقت راج کرے گی۔بینظیر بھٹو ایک ایسے پاکستان کی خواہاں تھیں جہاں ہر بچے کو تعلیم تک رسائی حاصل ہو ، جہاں خواتین برابری کی بنیاد پر ترقی کر سکیں اور جہاں انصاف ایک آسائش نہیں بلکہ حق ہو۔

صدر مملکت نے کہاکہ بینظیر بھٹو کی زندگی بے پناہ جرات کا سفر اور ہمارے لیے تحریک اور ہمت کا باعث تھی۔ مشکلات اور ظلم و ستم کے باوجود وہ جمہوریت کی بحالی اور استحکام اور عوام کے سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق کے تحفظ کے لیے آمریتوں کے خلاف ڈٹی رہیں۔ صدر زرداری کا کہنا تھا کہ بینظیر نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ ناانصافی اور ظلم کے خلاف جنگ میری زندگی کی جنگ ہے۔ اس مقصد کے لیے وہ زندگی بھر لڑی اور شہادت پائی اور آج بھی لاکھوں لوگوں کے دلوں میں زندہ ہیں ، ان کی ہمت بے مثال ہے اور ان کا وژن ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔