دباﺅ میں آکر عمران خان کو چھوڑا گیا تو قوم کھڑی ہوجائے گی، سول نافرمانی 9مئی سے بڑا جرم ہے، جاوید لطیف

126
Evidence of IMF program stop

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سے مذاکرات کی آڑ میں ہمیں بھاشن دیا جا رہا ہے، دباﺅ ڈالا جا رہا ہے کہ عمران خان کو رہا کیا جائے، سول نافرمانی 9مئی سے بڑا جرم ہے، دباﺅ میں بانی پی ٹی آئی کو چھوڑا گیا تو قوم کھڑی ہوجائے گی ۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ امریکا نیو کلیئر پاور تک رسائی مانگ رہا ہے، اگر خیرات کی زندگی ملنی ہے تو غیرت کی موت عزیز ہے، آج کے حالات میں پورا سچ نہیں بولا جا رہا، آج پورا سچ نہیں بولیں گے تو قوم قوم نہیں بن سکے گی۔

جاوید لطیف نے کہا کہ ایک جماعت لابنگ فورم ہائر کرکے ریاست کے خلاف لابنگ کررہی ہے، ریاست کے متعلق جو زبان استعمال ہو رہی ہے تو جمہوریت یاد آرہی ہے، جمہوریت و انسانی حقوق لبنان شام غزہ و فلسطین میں نظر نہ آئے، پاکستان میں مارشل لا پر جمہوریت نظر نہیں آتی، جب 2018 میں ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگایا گیا، اس وقت جمہوریت نظر نہیں آتی۔

انہوں نے کہا کہ قومی لیڈر جب شہید ہوئیں تو کسی نے آواز نہ اٹھائی، ذوالفقار علی بھٹو کی شہادت پر انسانی حقوق و آئین کی بالادستی نظر نہیں آئی لیکن اس شخص کےلیے جمہوریت و انسانی حقوق نظر آ رہاہے، امریکی صدر مشکور ہے۔

جاوید لطیف نے کہا کہ ون پوائنٹ ایجنڈا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو رہا کردو، حقیقت کیوں نہیں بتائی جاتی، دباﺅ ہے اس کو چھڑوانے کے لیے ، اس کے احسان کا بدلہ چکانا چاہتے ہیں، ایران پر نظریں ہیں، چین کا عمل دخل ختم کرنا چاہتے ہیں ان کی ضرورت ہے۔ لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ اگر ایٹمی میزائل بھارت کے پاس ہے تو پاکستان کا بھی حق ہے، ہم بنائیں گے، کسی صورت عالمی قوتوں کے دباﺅ میں نہیں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پیچھے نہیں رہیں گے، ڈالر نہیں، پھندا جھول لیں گے، آزادی پر کمپرومائز نہیں کریں گے۔