پاکستان میریٹائم سیکورٹی ایجنسی ایک اور چھوٹے بھارتی بحری جہاز کے لیے ریسکیو آپریشن کیا ہے۔
بھارت کا کارگو جہاز تاجدارِ حرم جب مصیبت میں گِھرگیا تب اُس کے عملے کے 9 ارکان کو بچانے کے لیے پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی نے بروقت سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کیا۔
بھارتی جہاز کراچی سے جنوب میں تقریباً 120 ناٹیکل میل کی دوری پر تھا۔ 26 دسمبر کو جب اس کارگو جہازکے اندر پانی داخل ہوا تو عملے نے جہاز کو چھوڑ کر لائف ریفٹ کا سہارا لیا۔
جب ممبئی سے میریٹائم ریسکیو کوآرڈینیشن سینٹر نے کارگو جہاز کو پیش آنے والے حادثے کے بارے میں اطلاع دی تو پی ایم ایس اے نے ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ پی ایم ایس اے نے اپنا طیارہ حادثے کے مقام پر بھیجا تاکہ عملے کے بارے میں معلوم کیا جاسکے۔ پی ایم ایس اے نے اس ایریا سے گزرنے والے تجارتی جہازوں اور اپنے جہازوں کو حادثے کے مقام کی طرف بھیجا۔ اس دوران بھارتی سمندری حدود میں کام کرنے والے کوسٹ گارڈ شپ کی بھی مدد کی گئی۔
پی ایم ایس اے نے 4 دسمبر کو بھی بھارتی جہاز ایم ایس وی پیرانِ پیر کے عملے کے 12 افراد کو بچایا تھا۔ یہ ریسکیو آپریشنز قومیت سے قطعِ نظر سمندر میں جان بچانے اور علاقائی بحری تعاون کو فروغ دینے کے پی ایم ایس اے کے عزم کی نشاندہی کرتے ہیں۔