کراچی : کر اچی ایئرپورٹ سے انسانی اسمگلنگ کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے ایجنٹ اور 3 مسافروں کو گرفتار کرلیا گیا۔
میڈیا ذرائع کے مطابق ترجمان وفاقی تحقیقات ادارے (ایف آئی اے ) نے بتایا کہ کراچی ایئرپورٹ سے انسانی اسمگلنگ کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے کاروائی کے دوران ایجنٹ سمیت 4 مسافروں کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اسمگلر نے ملزمان کو پولینڈ بھجوانے کے نام پر 14 لاکھ روپے فی کس کے معاہدے کیے، ملزمان نے غیر قانونی طریقے سے آذربائیجان سے پولینڈ جانا تھا۔ انسانی اسمگلر عبد الشکور کے موبائل سے اہم شواہد حاصل کر لیے گئے، گرفتار ملزم عبدالشکور بھارتی ایجنٹ سے رابطے میں تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز 26 دسمبر ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے یونان اور لیبیا کشتی حادثے میں ملوث خاتون سمیت 2 انسانی اسمگلروں کو گرفتار کر لیا تھا۔
اس سے قبل 24 دسمبر کو پنجاب کے ضلع منڈی بہاالدین کے علاقے پھالیہ میں ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے کارروائی کرتے ہوئے یونان کشتی حادثے میں ملوث ایک اور انسانی اسمگلر کو گرفتار کرلیا تھا۔