حج پروازیں، وزارت مذہبی امور اور سعودی ائرلائن کے مابین معاہدہ طے پاگیا

227

اسلام آباد: حج پروازوں سے متعلق وزارت مذہبی امور اور سعودی ائرلائن کے مابین معاہدہ طے پا گیا،معاہدے کے تحت سعودی ائرلائن 35 ہزار پاکستانی سرکاری حجاج کو سفری سہولیات مہیا کرے گی۔

معاہدے پر وزارت مذہبی امور میں دستخط کیے گئے، سعودی ائرلائن کے پاکستان میں کنٹری مینیجر سلطان الحربی اور ایڈیشنل سیکرٹری وزارت مذہبی امورو بین المذاہب ہم آہنگی ڈاکٹر سید عطا الرحمان نے معاہدے پر دستخط کیے۔

سعودی ائرلائن کے کنٹری مینیجرنے پاکستانی حجاج کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا،ایڈیشنل سیکرٹری وزارت مذہبی امور ڈاکٹر عطا الرحمان نے کہا کہ پاکستانی حجاج کے لیے بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں، اس سے قبل 35ہزار حجاج کو سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے وزارت مذہبی امور اور قومی ائرلائن پی آئی اے کے درمیان بھی معاہدہ کیا جاچکا ہے۔