اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سردیوں میں گیس سپلائی کی کمی کی شکایات پر نوٹس لیتے ہوئے گھریلو صارفین کو بلا تعطل گیس فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
گیس سپلائی کی صورتحال پر جائزہ اجلاس وزیراعظم کی زیرصدارت ہوا، جس میں گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ گیس کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے گیس سسٹم میں اصلاحات کی ہدایت دیتے ہوئے اس مسئلے کے مستقل حل پر زور دیا۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ گیس سسٹم میں اضافی آر ایل این جی موجود ہے، جس کے باعث گزشتہ سال کی نسبت گیس لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں کمی آئی ہے۔ علاوہ ازیں گھریلو صارفین کو صبح 5 بجے سے رات 10 بجے تک گیس فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ پاور سیکٹر کی گیس ڈیمانڈ بھی پوری کی جا رہی ہے۔
وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل، اور دیگر اعلیٰ سرکاری افسران اجلاس میں شریک ہوئے۔
وزیراعظم نے گیس کی فراہمی کے مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کرنے اور سردیوں میں گھریلو صارفین کو بلاتعطل گیس کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔