کوئٹہ سے اسلام آباد جانے والی مسافر بسوں پر ڈاکوؤں کی فائرنگ، خاتون جاں بحق

185

کوئٹہ: مسافر بسوں پر ڈیرہ اسماعیل خان کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق اور 4افراد زخمی ہو گئے۔

فائرنگ کا یہ واقعہ درابن کے مقام پر پیش آیا، جہاں تقریباً 50 سے زائد مسلح ڈاکوؤں نے مسافر کوچز کو لوٹنے کے لیے روکنے کی کوشش کی۔ کوچز کے نہ رکنے پر ڈاکوؤں نے گولیاں برسا دیں، جس کے نتیجے میں ایک خاتون جان کی بازی ہار گئی اور 4مسافر زخمی ہو گئے۔

کوچ مالکان کے مطابق ڈاکوؤں نے کوچز کو لوٹنے کی نیت سے روکنے کی متعدد کوششیں کیں، تاہم بس ڈرائیورز نے گاڑیاں نہ روکیں، جس پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی۔

واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ مسافر کوچز کے ڈرائیورز اور زخمیوں سے واقعے کی تفصیلات لی جا رہی ہیں، جب کہ ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

مسافروں اور کوچ مالکان نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔ عوامی حلقوں نے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کے واقعات نہ صرف جان و مال کے لیے خطرہ ہیں بلکہ مسافروں کی حفاظت کے نظام پر بھی سوالیہ نشان ہیں۔