قاسم آباد تعلقہ کا واحد پوسٹ آفس مسائل کا شکار

59

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) قاسم آباد تعلقہ کا واحد پوسٹ آفس عرصہ درازسے مسائل کا شکار ہے۔ قاسم آباد کے مختلف بینکوں کے عملے کے رویے سے پریشان عوام قاسم آباد پوسٹ آفس پر روزانہ کی بنیاد پر اپنے لاکھوں روپے کے یوٹیلیٹی بل لمبی قطار میں کھڑے ہوکر جمع کراتے ہیں، رات 7 بجے تک عوام کا رش ہوتاہے لیکن پوسٹ آفس قاسم آباد رات ہوتے ہی اندھیروں میں ڈوب جاتا ہے اور عملہ اندھیرے میں بل وصول کرتا ہے، سخت گرمی سے پریشان عملہ قاسم آباد میں کئی کئی گھنٹے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے باوجود اپنے فرائض سرانجام دیتا ہے، پوسٹ آفس کو روزانہ صرف 100 روپے روز کا پیٹرول دیا جاتا ہے، وہ بھی 10 منٹ کمپیوٹر چلنے کی نسبت سے، پوسٹ آفس میں نہ کوئی سولرسسٹم ہے اور نہ ہی بیٹری کا کوئی انتظام، پوسٹ آفس کا مین سائن بورڈ بھی تباہ ہو چکا ہے، جبکہ پوسٹ ماسٹر جنرل حیدرآباد کا سرکاری بنگلہ پوسٹ آفس کے ساتھ موجود ہے جسے سولر سسٹم اور دیگر سہولیات دی گئی ہیں۔ قاسم آباد پوسٹ آفس لاکھوں کی ریکوری دینے کے باوجود اندھیروں اور سہولیات سے محروم ہے، قاسم آباد پوسٹ آفس کو سولر سسٹم کی سہولت اور جدید طریقے سے اپ گریڈ نہیں کیا گیا تو پوسٹل انتظامیہ کی نااہلی کیخلاف قاسم آباد کی باشعور عوام احتجاج کرے گی۔ یہ بات معروف سماجی شخصیت شاہد سومرو نے پوسٹ آفس پر عوام سے کرتے ہوئے بیان میں کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوسٹ آفس سے لاکھوں روپے کی ریکوری ہونے کے باوجود عوام اور عملے کو کوئی سہولت مہیسر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوسٹ آفس قاسم آباد کے بجٹ کا آڈٹ کرایا جائے تاکہ اس کے فنڈز میں ہونے والی کرپشن نمایاں ہو سکے۔