بدین:ڈاکٹر عبداللہ سومرو میموریل ہائی اسکول کی نئی عمارت کا افتتاح

58

بدین (نمائندہ جسارت) سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تعاون سے مین تھرکول شاہراہ بائی پاس پر تعمیر ہونے والے ڈاکٹر عبداللہ سومرو میموریل ہائی اسکول کی نئی عمارت کا افتتاح ڈائریکٹر اسکول اینڈ پلاننگ سندھ ایجوکیشن فائونڈیشن نثار احمد بھبن نے کیا، جبکہ اس موقع پر ریجنل ہیڈ مشتاق احمد سومرو، ڈسٹرکٹ ہیڈ سنی جبران جمالی، سابق ڈائریکٹر ایجوکیشن حیدرآباد اللہ ڈنو ملاح اور اسکول کے مالک محمد صدیق سومرو، سینئر صحافی لالہ ہارون گوپانگ، رضوان علی، فیض محمد ابڑو اور دیگر علمی ادبی شخصیات اور اساتذہ بھی موجود تھے۔ اس موقع پر محکمہ تعلیم اور سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے افسران نے اسکول کی نئی عمارت اور اس میں موجود کلاس رومز، لائبریری اور دیگر شعبہ جات کا دورہ کیا اور جائزہ لیا۔ افسران نے اس موقع پر اسکول کی عمارت، بہترین ماحول اور معیارِ تعلیم کے اُصول کے مطابق کیے گئے اقدامات کے علاوہ تربیت یافتہ اساتذہ کی تعیناتی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بدین جیسے پسماندہ علاقے میں ایسے تعلیمی ادارے کی اشد ضرورت تھی تاکہ غریب، ذہین اور قابل بچے مقامی طور پر اعلیٰ اور معیاری تعلیم حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن جدید نصاب اور ٹیکنالوجی سے لیس معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے بہت بڑے پیمانے پر عملی اقدام کر رہی ہے۔