ٹنڈو محمد خان (نمائندہ جسارت) ایس ایس پی عابد علی گڈانی بلوچ کے احکامات پر منشیات فروشوں، غیر قانونی اسلحہ اور روپوش اشتہاری ملزمان کے خلاف جاری مہم کے دوران ضلع بھر میں کارروائیاں جاری ہیں۔ ایس ایچ او تھانہ ٹنڈو غلام حیدر نے اسٹاف کے ہمراہ دوران گشت کچی شراب ٹھرو کی بٹھی پر چھاپا مارا، اس دوران شراب کی بٹھی کے مالک ملزم سکندر ملاح کو گرفتار کرلیا، شراب کی بٹھی سے بڑی مقدار میں کچی شراب 1050 لیٹرز، بڑے پلاسٹک ڈرم، بالٹیاں، برتن برآمد کرکے ملزم کے خلاف منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔ ایس ایچ او تھانہ بی سیکشن نے اسٹاف کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے کچی شراب ٹھرو فروشی میں ملوث ملزم مرچو ٹالپر کو گرفتار کرلیا جس کے قبضے سے 10 لیٹرز کچی شراب ٹھرو برآمد کرکے ملزم کے خلاف منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔ ایس ایچ او تھانہ ٹنڈو محمد خان سٹی نے اسٹاف کے ہمراہ کارروائی میں مین پڑی سپلائر شہزاد میمن کو گرفتار کرلیا جس سے 600 عدد مین پوڑیاں برآمد کرکے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ ایس ایچ او تھانہ آباد گار نے خفیہ اطلاع اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اشتہاری ملزم ولی محمد ولد احمد لنڈ کو گرفتار کر لیا جو تھانہ آباد گار کے اقدامِ قتل اور جھگڑے کے 2 مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔