اسلام آباد (صباح نیوز) تحریک انصاف کے رہنما اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے کہا ہے کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ قیدیوں کو رہا کیا جائے اور 9 مئی اور 26 نومبر پر کمیشن بنایا جائے۔ ایک نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ مذاکرات سے معاملہ حل ہوتا ہے تو اس سے بڑی کوئی بات نہیں، ہم اس مسئلے کا حل چاہتے ہیں کہ پاکستان کا اچھا تاثر جائے۔ شبلی فراز نے کہا کہ مذاکرات کے بارے میں کہا جاتا تھا پی ٹی آئی نہیں کرنا چاہتی، سیاسی قیدیوں کو رہا کرتے ہوئے مذکرات کا ماحول بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مذاکرات کیلیے ہاں کی اور کم سے کم مطالبات سامنے رکھے ہیں تا کہ سنجیدہ فیصلے ہوں، 26 ویں ترمیم پر ہمارا اختلاف ہے لیکن اس نکتے کو بھی مطالبات سے نکال دیا۔ شبلی فراز نے مزید کہا کہ جب فری الیکشن ہو اور مسائل کا حل ہوگا تو ہی آگے بڑھیں گے، سیاسی قیدی رہا ہوں اور کمیشن بنے تو اس سے ملک آگے بڑھے گا۔