گلگت بلتستان میں بجلی کی شدید قلت مجرمانہ غفلت ہے، احسن اقبال

54

اسلام آباد (صباح نیوز) وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے گلگت بلتستان میں بجلی کی شدید قلت کو مجرمانہ غفلت قرار دیتے ہوئے کہا کہ 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ عوام میں محرومی اور نظراندازی کے جذبات پیدا کر رہی ہے۔ وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت وزیراعظم کی ہدایت پر گلگت بلتستان میں 100 میگاواٹ سولر پاور پلانٹ کی تنصیب سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری گلگت بلتستان اور دیگر متعلقہ سینئر افسران نے شرکت کی۔ احسن اقبال نے گلگت بلتستان میں بجلی کی شدید قلت پر کہا کہ ایسے حالات میں کوئی سرمایہ کار علاقے میں سرمایہ کاری کرنے کو تیار نہیں ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ اپنے حالیہ دورہ کے دوران انہوں نے چینی کمپنیوں کو گلگت بلتستان میں سولر سسٹم نصب کرنے کی دعوت دی۔ انہوں نے پاور ڈویژن کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر سولر انرجی پر کام شروع کرے اور بہترین کمپنی کے انتخاب کیلیے شفاف بڈنگ کا عمل مکمل کرے۔انہوںنے گلگت بلتستان میں بجلی کی پیداوار بڑھانے کیلیے واضح ٹائم لائن اور میٹرکس ترتیب دینے کی ہدایت بھی دی۔ وزیر منصوبہ بندی نے سولر منصوبے کو پی سی ون میں شامل کرنے اور اس کی پیداوار اور آپریشن کے حوالے سے جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت جاری کی۔ مزید انہوں نے پی ایس ڈی پی کے تحت جاری گلگت بلتستان کے توانائی منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔