میرپورخاص (نمائندہ جسارت) عدالتی احکامات بالائے طاق رکھتے ہوئے میونسپل کارپوریشن انکروچمنٹ ڈپارٹمنٹ کے افسران کی نااہلی اور پراسرار خاموشی کے سبب شہر بھر کے 40 فٹ روڈ انکروچمنٹ غیر قانونی رکشہ اسٹینڈ کے سبب بوتل کی شکل اختیار کر گئے۔ سول اسپتال روڈ، پوسٹ آفس چوک، مارکیٹ چوک، بلدیہ چوک سمیت تمام شاہراہیں مکمل طور پر انکروچمنٹ کی وجہ سے شہریوں کو اذیت میں مبتلا کر رہی ہیں۔ تمام شاہراہوں پر دکانداروں ٹھیلے پتھارے ناجائز رکشہ اور چنگچی رکشہ اسٹینڈ مافیا کی وجہ سے ٹریفک کی روانی جہاں بری طرح متاثر ہو رہی ہے، وہیں شہریوں کو پیدل چلنے میں بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بلدیہ روڈ پر لال مندر سے پوسٹ آفس چوک شہریوں کے لیے وبال جان بنا ہوا ہے، کئی کئی گھنٹے ٹریفک جام سے شہری بد ترین اذیت میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔ شہریوں نے میئر عبدالرؤف سے اپیل کی ہے کہ میونسپل کارپوریشن انکروچمنٹ ڈپارٹمنٹ کے سوئے ہوئے افسران اور عملے کو جگایا اور شہریوں کی پریشانی اور عدالتی احکامات پر فوری عملدرآمد کرایا جائے، شہر بھر میں انکروچمنٹ کے خاتمے کے لیے بھرپور آپریشن شروع کیا جائے تاکہ اس اذیت ناک صورتحال سے شہریوں کا نکالا جا سکے۔