شکار پور (نمائندہ جسارت) گزشتہ روز کچے کے علاقے کوٹ شاہو تھانے کی حدود میں نامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے ہوٹل پر بیٹھے 2 پولیس اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دونوں اہلکار شدید زخمی ہوگئے، فائرنگ سے ہوٹل پر بیٹھے لوگوں میں بھگدڑ مچ گئی، جبکہ اطلاع ملنے پر پولیس پکٹ پر موجود اہلکار جائے وقوع پہنچ کر زخمیوں کو اسپتال لے جا رہے تھے کہ زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے دونوں اہلکاروں نے دم توڑ دیا، پولیس نے شہیدوں کی لاشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیں، شہید اہلکاروں کی شناخت الطاف بروہی اور عبدالقادر کلادی کے نام سے ہوئی۔ بتایا گیا ہے کہ کچے میں ڈاکوؤں کے خلاف جاری آپریشن کے سلسلے میں شہید اہلکاروں کا کراچی سے تبادلہ کر کے کندھکوٹ ضلع کے تحصیل غوث پور کے کچے میں تعینات کیا گیا تھا، واقعے سے قبل اہلکار ناپر کوٹ تھانے کی حدود میں کچے کے علاقے پولیس پکٹ سے چائے پینے کے لیے ہوٹل پر آئے تھے۔ شہید اہلکار الطاف بروہی جیکب آباد ضلع کے تحصیل ٹھل کے گوٹھ نظر واہ کا رہائشی جبکہ عبدالقادر کلادی کا تعلق خیرپور سے بتایا جاتا ہے۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ اور ڈی آئی جی لاڑکانہ ناصر آفتاب پٹھان نے واقعے کا نوٹس لے لیا، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جاعہ وقوع پر پہنچ گئی، پولیس نے علاقے کی ناکا بندی کرکے ڈاکوؤں کی تلاش شروع کر دی۔