ٹرمپ کے ایلچی کا عمران خان اور میزائل پروگرام پر بیان ،دفتر خارجہ کا تبصرہ سے انکار

65

اسلام آباد(نمائندہ جسارت)ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ افغان حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں، چاہتے ہیں کہ افغانستان کے ساتھ سیکورٹی، تجارت اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھائیں۔ ترجمان نے رچرڈ گرنیل کے بیان پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے ممتاز زہرابلوچ نے کہا کہ اسلام آباد واشنگٹن کے ساتھ بہتر تعلقات کا خواہاں ہے، پاکستان کسی دوسرے ممالک کے اندرونی
معاملات میں عدم مداخلت کی پالیسی پر گامزن ہے۔رچرڈ گرنیل کے ٹوئٹس اور اس کے بیانات پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ باہمی عزت اور مفادات کی بنیاد پر مثبت تعلقات کا خواہاں ہے۔ ہم اْمید کرتے ہیں کہ امریکا بھی اس بات کا خیال رکھے گا، کسی ایک شخص کے بیانات پر میں کوئی رائے نہیں دے سکتی، امریکی حکام کے ساتھ بات چیت جاری رکھیں گے۔ واضح رہے کہ نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی رچرڈ گرینل نے گزشتہ روز عمران خان کی رہائی سے متعلق بیان دیا تھا اور ساتھ یہ بھی کہا تھا کہ نئے وزیر خارجہ نے پاکستان کے میزائل پروگرام پر بات کرنے کی تیاری کی ہوئی ہے اور وہ حلف اٹھاتے ہی پاکستان سے اس حوالے سے بات کریں گے۔