کراچی (اسپورٹس ڈیسک )کراچی کے ساحل سی ویو پر ان دنوں علی الصبح ایک منفرد منظر دیکھنے کو مل رہا ہے، جس میں مختلف عمر اور پس منظر سے تعلق رکھنے والے لوگ دوڑ لگاتے دکھائی دے رہے ہیں۔یہ افراد کراچی میراتھون کی تیاری میں مصروف ہیں، جو 5 جنوری 2025 کو منعقد ہوگی۔ یہ ایونٹ نا صرف شہر کے مکینوں کو قریب لا رہا ہے بلکہ پاکستان کو بین الاقوامی میراتھون کے نقشے پر بھی نمایاں کر رہا ہے۔کراچی کی گلیوں، پارکوں اور ساحلی مقامات نیگزشتہ کئی ماہ سے میراتھون کی تیاریوں کے لیے تربیتی میدان کی شکل اختیار کرلی ہے، تجربہ کار رنرز اور پہلی بار حصہ لینے والے افراد کے گروپس مل کر اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنا رہے ہیں۔اس سال کے میراتھون کی اہمیت اس لحاظ سے بھی بڑھ گئی ہے کہ یہ عالمی لیبل ریس کے طور پر تسلیم کی گئی ہے۔ ریس ڈائریکٹر شعیب نظامی کے مطابق اس بار کے میراتھون میں شرکت کرنے والے رنرز کے پاس دیگر بین الاقوامی دوڑوں کے لیے کوالیفائی کرنے کا موقع ہوگا، یہ ریس ورلڈ ایتھلیٹکس سے منظور شدہ ہے اور اس میں انٹرنیشنل ریس کے تمام قوانین کی پابندی ہوگی۔کراچی کی سڑکوں پر تربیت حاصل کرنے والے رنرز میں معمر افراد بھی شامل ہیں۔ ان میں سے ایک مصتنسر بندوق والا ہیں، جو پہلی بار میراتھون میں حصہ لے رہے ہیں۔ وہ پہلے ہائیکنگ کرتے تھے اور اب ہاف میراتھون کی تیاری کر رہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ گروپ کے ساتھ رننگ کرنے سے یہ مرحلہ کافی آسان ہوجاتا ہے۔اسی طرح 66 سالہ مظہر ولجی کے لیے یہ میراتھون کراچی کی مثبت تصویر اجاگر کرنے کا ایک ذریعہ ہے۔