تہران کی شاہراہ کو یحییٰ سنوار سے موسوم کرنے کا فیصلہ واپس

45

تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) تہران کی بلدیاتی کونسل کے ترجمان علی رضا نے دار الحکومت کے زون 6 میں واقع سڑک بیسٹن اسٹریٹ کا نام بدل کر یحییٰ سنوار اسٹریٹ رکھنے کی کارروائی روک دینے کا اعلان کردیا۔ حماس کے سابق سربراہ یحییٰ سنوار 17 اکتوبر کو غزہ میں اسرائیلی فوج کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہو گئے تھے۔ بلدیاتی کونسل کے ترجمان نے کہا کہ سڑکوں اور گلیوں کو کسی سے موسوم کرنے کا فیصلہ زیادہ باریک بینی سے غور و خوض کا متقاضی ہوتا ہے، لہٰذا فی الحال بیسٹن اسٹریٹ کا نام تبدیل کر کے یحییٰ السنوار اسٹریٹ نہیں رکھا جا رہا۔کونسل کے ترجمان علی رضا نے نام سے موسوم کرنے کا فیصلہ واپس لینے کا جواز پیش کیا ۔ان کا کہنا ہے کہ یہ گلی تاریخی حیثیت کے حامل کوہِ بیستون کے نام سے موسوم ہے۔ اس پہاڑ کا ذکر ایران کی قدیم تاریخ اور ادب میں کئی جگہ ملتا ہے۔