پہاڑی علاقوں میں ہلکی بارش وبرفباری کا امکان، سردی کی شدت میں اضافہ متوقع

157

اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔

محمکہ موسمیات کے مطابق کشمیر، گلگت بلتستان، شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا، مری، گلیات اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں ہلکی بارش، ہلکی برفباری کی توقع ہے جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔

پنجاب، خیبرپختونخوا کے زیادہ تر میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح ، رات کے اوقات میں اسموگ، درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہا، پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں اسموگ اور دھند چھائی رہی۔ کم سے کم درجہ حرارت اسکردو میں منفی 13، لہہ منفی 12، گوپس منفی 9، استور، گلگت منفی 8، کوئٹہ منفی 6، ہنزہ، قلات، زیارت منفی 5، دیر اور کالام میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔