امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم سے ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو کی ملاقات

112

لاہور:جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن سے ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو نے ملاقات کی ہے۔

اہم ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر زور دیا ہے۔  اس موقع پر حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ترکیہ ہر پاکستانی کے دل میں منفرد مقام رکھتا ہے اور دونوں ممالک کی دوستی صدیوں پرانی ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور ترکیہ دینی اور تہذیبی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں۔ جماعت اسلامی عوامی سطح پر ان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی خواہاں ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ امت مسلمہ کے مسائل کے حل کے لیے صدر رجب طیب اِردوان سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں۔ غزہ کے تحفظ کے لیے مسلمان ممالک کو مشترکہ پالیسی اپنانی چاہیے اور عملی اقدامات کرنے چاہییں۔

ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو نے پاکستانی عوام کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کو ایک دوسرے کی ضرورت ہے  اور وہ تعلیم، تجارت، ثقافت، اور پیشہ ورانہ تربیت کے شعبوں میں باہمی اشتراک کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔

اس ملاقات میں جماعت اسلامی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل فراست شاہ اور ڈائریکٹر امور خارجہ آصف لقمان قاضی بھی شریک تھے۔

ترک سفیر نے امیر جماعت اسلامی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مشاورت جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی امید ظاہر کی۔