لاہور:فضائی آلودگی اور اسموگ کنٹرول کرنے کے لیے لاہور میں پاکستان کا پہلا اسموگ ٹاور نصب کردیا گیا۔
اسموگ ٹاور لاہور کے علاقہ محمود بوٹی میں راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی روڈا کے تعاون سے نصب کیا گیا ہے۔ اسموگ ٹاور کی کارکردگی کو مانیٹر کیا جائےگا اور 2 ہفتے بعد نتائج کو مدنظر رکھتے ہوئے اسموگ ٹاورز کا دائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
ڈی جی ادارہ تحفظ ماحولیات پنجاب عمران حامد شیخ کا کہنا ہے کہ اسموگ ٹاور ایک کلومیٹر کے ایریا میں 50 ہزار کیوبک فی گھنٹہ سے فضا کو صاف کرسکے گا، اسموگ ٹاور کا کلینیکل، لیب ٹیسٹ مکمل کرلیا گیا، روڈا کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے تجربے کا مقام فراہم کیا۔
عمران حامد شیخ نے کہا کہ 15 روز تک اسموگ ٹاور کا فیلڈ ٹیسٹ کیا جائے گا، چمنیوں، انڈسٹریز، ڈمپنگ سائٹ کی کی آلودگی کو کم کرنے کا تجربہ کیا جائے گا، ایئرکوالٹی مانیٹرز سے فضا میں کیمیائی مادوں کی کمی کو چانچا جائے گا تجربہ کامیاب ہونے پر مزید اسموگ ٹاور نصب کرنے کا فیصلہ ہوگا۔