کراچی : آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کراچی کے صدر محمود حامد پاکستان ، اسمال پرنٹنگ پریس ایسوسی ایشن کے چیئرمین سید لیاقت علی عثمان شیخ اور برہان الدین نے برنس روڈ وآرام باغ کی پرنٹنگ مارکیٹوں میں کاروباری اوقات میں 6گھنٹے لوڈ شیڈنگ شروع کرنے پر شدید غم غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے کے الیکٹرک کا تاجر اور معیشت دشمن فیصلہ قرار دیا ہے اور مطالبہ کیا کہ تاجر دشمن فیصلہ فوری واپس لیا جائے۔
تاجر رہنماؤں نے کہا سخت سردی کے موسم میں جبکہ بجلی کی ضروریات کم ہو جاتی ہیں پرنٹنگ مارکیٹوں میں چھ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کے الیکٹرک کی نااہلی اور بدانتظامی کا اعلیٰ شاہکار ہے۔
تاجر رہنمائوں کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کے اس اقدام سے چھوٹے پرنٹر اور کاٹیج انڈسٹری بری طرح متاثر ہو رہی ہے، کے الیکٹرک اپنے صارفین سے چار پانچ سو فیصد زیادہ بل وصول کر رہی ہے اور ایسی سنگدلانہ وصولی کے بعد بھی انہیں ظالمانہ لوڈ شیڈنگ کر کے فاقہ کشی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے جو قابل مذمت ہے۔
تاجر رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ کے الیکٹرک کی نااہلی کرپشن کے ثبوت سامنے آنے کے بعد اس کا لائسنس فوری طور پر منسوخ کیا جائے انہوں نے کہا کہ اگر فوری طور پر 6 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کے ظالمانہ فیصلے کو واپس نہ لیا گیا تو اس تاجر دشمنی پر بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔