پی ٹی آئی سے مذاکرات میں ان باتوں تک پہنچا جا سکتا ہے جس میں دونوں فریقین کیلئے آسانی ہو: رانا ثنااللہ

123

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر  برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف سے مذاکرات میں ان باتوں تک پہنچا جاسکتا ہے جس میں دونوں فریقین کے لیے آسانی ہو۔ 

نجی ٹی ای سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر  برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ میرا خیال ہے کہ 2جنوری کو  تحریک انصاف کا چارٹر آف ڈیمانڈ آجائے گا، جب تحریک انصاف کے مطالبات  بلیک اینڈ وائٹ میں آئیں گے تو ہم اس کا طریقہ کار بھی پوچھیں گے اور پھر ہم بھی لکھ کر دیں گے۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ جب پی ٹی آئی کے مطالبات سامنے آئیں گے تو مذاکرات مکمل ہونے کے وقت کا اندازہ ہوگا، نہ ہی ہم نے ان کی 100 فیصد بات ماننی ہے اور نہ ہی انہوں نے قبول کرنا ہے۔

وزیراعظم کے مشیر  برائے سیاسی امور نے کہا کہ سیاست میں اختلافات ہوتے ہیں لیکن ریاستی مفادات پر اتفاق رائے ہونا ضروری ہے، انصاف صرف ہونا نہیں چاہیے بلکہ ہوتا نظر بھی آنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ عمران خان کی رہائی کی بات کرتے ہیں تو کیا یہ بات وزیراعظم سے ہو سکتی ہے؟  

انہوں نے کہا کہ مدارس رجسٹریشن سے متعلق معاملے کو حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، قانونی ٹیم مدارس رجسٹریشن بل کے معاملے پر غور کر رہی ہے۔