صارفین کی سہولت کے لیے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک (وی پی این) سروس پرووائیڈرز کی رجسٹریشن پھر شروع کردی ہے۔ سروسز پرووائیڈرز کو ڈیٹا سروسز کے لیے کلاس لائسنس فراہم کیا جارہا ہے۔
پی ٹی اے ذرائع نے بتایا کہ مقامی طور پر رجسٹر کرنے کےبعد وی پی این سروس پرووائیڈرز کی نگرانی بھی کی جاسکے گی اور اںہیں منضبط کرنا بھی آسان ہوگا۔ ایک سے تین لاکھ روپے میں کمپنیوں کو کلاس لائسنس برائے ڈیٹا سروسز ملے گا۔ کمپنیاں مقامی ڈٰیٹا سینٹر بھی قائم کرسکیں گی۔
نجی ٹی وی چینل نے بتایا ہے کہ پی ٹی اے کو سائبر حملوں کی نشاندہی اور ان کے مرتکب افراد کا سراغ لگانے کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔ پی ٹی اے کو صارفین کے ڈیٹا، براوٴزنگ ہسٹری تک رسائی کا اختیار بھی حاصل رہے گا۔
پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے اس سلسلے میں جامع حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔ ان تمام اقدامات کا بنیادی مقصد ملک میں سائبر سیکیورٹی کی صورت حال کو اطمینان بخش بنانا ہے۔