سینچورین ٹیسٹ کا پہلا دن: جنوبی افریقا 82 رنز پر، 129 رنز کا خسارہ باقی

182

باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے پہلے دن کے اختتام پر جنوبی افریقا نے 3وکٹوں کے نقصان پر 82 رنز بنا لیے ہیں، جبکہ پاکستان کے 211 رنز کا تعاقب جاری ہے اور ابھی 129 رنز کا خسارہ باقی ہے۔

سینچورین میں کھیلے جانے والے اس ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستانی بیٹنگ لائن ایک مرتبہ پھر کمزور ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 211 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے کامران غلام نے 54 رنز کے ساتھ سب سے نمایاں کارکردگی دکھائی، جب کہ عامر جمال نے 28، محمد رضوان نے 27  اور دیگر بلے باز خاطر خواہ اسکور نہ کر سکے۔ بابر اعظم صرف 4 رنز بنا سکے اور نسیم شاہ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ محمد عباس 11 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

جنوبی افریقا کے گیند بازوں میں ڈین پیٹرسن نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کوربن بوش نے 4 اور مارکو جینسن نے ایک وکٹ لی۔

بعد ازاں جنوبی افریقا نے اپنی اننگز کا آغاز کیا لیکن پاکستانی بولرز نے ابتدائی وکٹیں جلد حاصل کرکے دباؤ بڑھایا۔ خرم شہزاد نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ محمد عباس نے ایک وکٹ حاصل کی۔

جنوبی افریقا کی جانب سے ایڈن مارکرم 47 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں، جبکہ ان کا ساتھ کپتان ٹیمبا بووما دے رہے ہیں، جو 4 رنز پر کھیل رہے ہیں۔

جنوبی افریقا کو دوسرے دن پاکستانی بولرز کے خلاف محتاط کھیلنا ہوگا تاکہ وہ پہلے اننگز کے خسارے کو پورا کر سکیں۔ دوسری طرف پاکستان کو جلد وکٹیں لے کر میچ پر گرفت مضبوط کرنی ہوگی۔