تقدیر پر کسی بھی انسان کا اختیار نہیں۔ کوئی کتنی ہی کوشش کرلے، جو لکھا ہوا ہوتا ہے وہ تو ہوکر ہی رہتا ہے۔
بھارت کے شہر کوٹا میں بھی کچھ ایسا ہی رونما ہوا۔ ایک شخص کی بیوی بہت بیمار رہتی تھی۔ وہ بیوی کا خاص خیال نہیں رکھ پارہا تھا۔ بالآخر اُس نے طے کیا کہ قبل از وقت ریٹائر ہوکر بیوی کا خیال رکھے گا۔ اُس نے ریٹائرمنٹ لی مگر جو کچھ ہوا وہ انتہائی المناک تھا۔
دیویندر صندل کا تعلق راجستھان کے شہر کوٹا سے ہے۔ وہ ایک ویئر ہاؤس میں مینیجر کے منصب پر کام کرتا تھا۔ جب اُس کی بیوی دیپیکا کی حالت بہت خراب ہوئی تو اُس نے بھرپور نگہداشت کے لیے قبل از وقت ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا۔
اُس کے نیک جذبے کی قدر کرتے ہوئے دفتر کے ساتھیوں نے شاندار الوداعی پارٹی کا اہتمام کیا۔ پارٹی میں دیویندر کے ساتھ ساتھ بیمار بیوی کو بھی مدعو کیا گیا۔
دیویندر کا جذبہ بہت نیک تھا مگر قدرت کو کچھ اور ہی منظور تھا۔ الوداعی پارٹی کی ایک وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دیپیکا تقریب میں بہت خوش ہے اور سب سے ہنس ہنس کر بات کر رہی ہے مگر پھر دیکھتے ہی دیکھتے اُس کی حالت بگڑی اور وہ نڈھال ہوکر گر پڑی۔
اُسے فوراً اسپتال لے جایا گیا تاہم ڈاکٹرز نے بتایا کہ وہ تو راستے ہی میں دم توڑ چکی تھی۔ یہ واقعہ 24 دسمبر کا ہے۔