کوئٹہ میں گزشتہ روزدھماکے سے تباہ گیس پائپ لائن کی مرمت تاحال نہ ہوسکی

199
Quetta could not be repaired yet

کوئٹہ: بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں دھماکے سے تباہ گیس پائپ لائن کی تاحال مرمت نہ ہوسکی جب کہ واقعہ کا مقدمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) تھانے میں درج کرلیا گیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق کوئٹہ کے مغربی بائی پاس پر دھماکا خیز مواد سے تباہ کی گئی گیس پائپ لائن کی اب تک مرمت نہ ہو سکی جس کے باعث صوبے کے مختلف علاقوں کچلاک، پشین اور زیارت میں بھی گیس کی سپلائی معطل ہوگئی۔سخت سردی کے دوران گیس کی فراہمی معطل ہونے سے شہری بدترین اذیت کاشکار ہیں جب کہ انتظامیہ کی رات 8 بجے تک مرمتی کام مکمل کرنے کی یقین دہانی ہے۔

گیس حکام کے مطابق 18 انچ قطر کی گیس پائپ لائن کی مرمت کا کام جای ہے، پائپ لائن گذشتہ روز دھماکہ خیز مواد نصب کر کے اڑا دی گئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی کلیرنس کے بعد اب مرمتی کام جاری ہے، 18 انچ قطر کے پائپ کا 8 فٹ حصہ تباہ ہونے سے کوئٹہ، کچلاک، زیارت، بوستان، یارو، کربلا اور پشین کے علاقے متاثر ہوئے۔

دوسری جانب کوئٹہ کے مغربی بائی پاس پر گیس پائپ لائن کو بم سے اڑانے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج کرلیا گیا۔مقدمہ نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف درج کیا گیا جس میں انسداد دہشت گردی ایکٹ اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز نامعلوم افراد نے مغربی بائی پاس پر سوئی سدرن گیس کمپنی کی 18 انچ قطر پائپ لائن کو دھماکے سے اڑا دیا تھا، ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے جاری بیان میں بتایا تھا کہ نامعلوم شرپسندوں کی تخریب کاری کی وجہ سے 18 انچ قطر کی پائپ لائن کو شدید نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں بالائی بلوچستان اور کوئٹہ شہر کو گیس کی سپلائی معطل ہو گئی۔