سان فرانسسکو:بہت سے لوگ انٹرنیٹ کے استعمال سے قیمتی وقت کا ضیاع کرتے ہیں جب کہ بڑی تعداد ایسے افراد کی بھی ہے، جو اس وقت کو تعلیم حاصل کرنے، کوئی اسکل سیکھنے یا پیسے کمانے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
انٹرنیٹ پر مختلف ویب سائٹس اور پلیٹ فارمز آمدن کے ذرائع کے طور پر کام کررہے ہیں جب کہ سوشل میڈیا کمپنیاں بھی اپنے پلیٹ فارمز کو دن بہ دن بزنس فرینڈلی (کاروبار درست) بنانے کے لیے نت نئے فیچرز متعارف کروا رہی ہیں۔
حال ہی میں فیس بک اور واٹس ایپ کی پیرنٹ کمپنی میٹا نے اپنے تخلیق کاروں کے لیے فیس بک پر پیسے کمانے کے طریقوں میں مزید بہتری لانے کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں کمپنی نے affiliate لنکس کے ذریعے آمدن بڑھانے کے لیے مختلف نئے فیچرز اور فارمیٹس متعارف کرائے ہیں۔
ریلز میں بہتر یوزر انٹرفیس:
میٹا نے ریلز میں یوزر انٹرفیس کے نچلے حصے میں affiliate لنکس کے لیے زیادہ جگہ مختص کی ہے تاکہ انہیں زیادہ نمایاں کیا جا سکے۔
ٹیکسٹ پوسٹس کا نیا فارمیٹ:
ٹیکسٹ پوسٹس میں بھی affiliate لنکس شامل کرنے کے لیے ایک نیا فارمیٹ پیش کیا گیا ہے، جس سے تخلیق کاروں کو زیادہ مواقع ملیں گے۔
کمنٹ سیکشن میں بہتری:
کمنٹ سیکشن میں بھی affiliate لنکس کی نمائش کو بہتر بنایا گیا ہے تاکہ زیادہ صارفین ان لنکس کو دیکھ اور ان پر کلک کر سکیں۔
کیپشن سے ہٹ کر نئے مواقع:
پہلے affiliate لنکس کو صرف کیپشن میں بطور یو آر ایل شامل کیا جا سکتا تھا، لیکن اب تخلیق کار مختلف جگہوں پر ان کا استعمال کر سکیں گے۔
آٹو-ڈیٹیکشن سسٹم:
میٹا نے مخصوص ڈومینز سے affiliate لنکس کے لیے ایک نیا آٹو-ڈیٹیکشن سسٹم بھی متعارف کرانے کا منصوبہ بنایا ہے، جو ان لنکس کی خودکار شناخت اور نمائش کو بہتر بنائے گا۔
میٹا کا یہ قدم ان تخلیق کاروں کے لیے خاص طور پر فائدہ مند ہوگا جو اپنے مواد کے ذریعے آمدنی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ اس سے نہ صرف تخلیق کاروں کو مالی فوائد ملیں گے بلکہ صارفین کے لیے بھی مصنوعات اور خدمات تک رسائی آسان ہوگی۔