راولپنڈی : سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں 3 مختلف آپریشنز کے دوران فتنہ الخوارج کے 13 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ضلع بنوں کے علاقے جانی خیل، ضلع شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان میں 25 اور 26 دسمبر کو دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر آپریشن کیا۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز کی جانب سے آپریشنز کے دوران دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، ضلع بنوں کے علاقے جانی خیل میں 2 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا۔جبکہ دوسری کارووائی میں ضلع شمالی وزیرستان میں کارروائی کے دوران 5 خوارج ہلاک جبکہ 8 زخمی ہوگئے، ضلع جنوبی وزیرستان میں تیسری کارروائی کے دوران 6 خوارج ہلاک جبکہ 8 زخمی ہوئے۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ خوارج دہشتگردوں کیساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں میجر محمد اویس بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ علاقے میں کسی بھی دہشتگرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن کیا جارہا ہے، پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔