سانحہ 9 مئی: ملٹری کورٹ نے حسان خان نیازی سمیت مزید 60 مجرموں کو سزائیں سنا دی گئیں

147

اسلام آباد : ملٹری کورٹ نے سانحہ 9 مئی جناح ہاؤس حملے میں ملوث مزید 60 ملزمان کو سزائیں سنا دیں۔

 پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ سزائیں فیلڈ جنرل کورٹ مارشل نے سنائیں، جن میں مختلف حملوں میں ملوث ملزمان کو سخت سزائیں دی گئیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ جنرل کورٹ مارشل نے تمام شواہد کی جانچ پڑتال، مجرموں کو قانونی حق کی یقینی فراہمی اور قانونی تقاضوں کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے سزائیں سنائیں۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ جناح ہاؤس حملے میں ملوث عمران خان کے بھانجے حسان خان نیازی کو 10 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی ہے۔ اسی طرح میاں عباد فاروق کو 2 سال، رئیس احمد، ارزم جنید اور علی رضا کو 6، 6 سال قید کی سزا دی گئی۔ راجہ دانش اور سید حسن شاہ کو بالترتیب 4 اور 9 سال کی قید بامشقت کی سزا دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ مختلف مقامات پر حملوں میں ملوث دیگر ملزمان کو بھی سزائیں سنائی گئیں۔ اے آئی ایم ایچ راولپنڈی پر حملے میں ملوث علی حسین کو 7 سال، پنجاب رجمنٹ سینٹر مردان پر حملے میں ملوث زاہد خان کو 2 سال اور ہیڈکوارٹر دیر اسکاؤنٹس پر حملے میں ملوث سہراب خان کو 4 سال کی قید بامشقت کی سزا سنائی گئی۔ جناح ہاؤس حملے میں ملوث بریگیڈیئر (ر) جاوید اکرم کو 6 سال قید کی سزا دی گئی۔