کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سابق وفاقی وزیر خزانہ اورعوام پاکستان پارٹی کے مرکزی رہنما مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی 15سالوں سے حکومت میں ہے مگر کراچی میں پینے کا صاف پانی نہیں ہے، آج بھی 40 فیصد پاکستانی غربت کی لکیر سے نیچے رہتے ہیں۔ انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افسوس کہ قائداعظم کے پاکستان میں ہم انتظامات بھی ٹھیک نہیں کرسکے، آج بھی چالیس فیصد پاکستانی غربت کی لکیر سے نیچے رہتے ہیں، ن لیگ
کس منہ سے بابائے قوم کے مزار پرحاضری دے گی، موجودہ پاکستانی حکمران گورننس میں مکمل طور پر فیل ہوچکے ہیں، ہمیں حکمرانی کیلیے ایماندار لیڈرشپ چاہیے تاکہ ہر پاکستانی کی معاشی حالت ٹھیک ہوسکے، مہنگی ترین بجلی سے پتا چلتا ہے کہ حکمرانی ٹھیک نہیں۔انہوں نے کہا کہ طاقت اور اختیارات کو وفاق سے صوبوں میں منتقل کیا جائے، ڈسٹرکٹ اور ڈویژن کو اختیارات دیے جائیں۔ ن لیگ اور پی ٹی آئی دونوں اپنے بیانیے سے ہٹ گئی ہیں، بچوں کو تعلیم اورروزگار نہیں دیں گے تو حالات بہتر نہیں ہوسکتے، حکومت اور پی ٹی آئی مل کر ملکی مسائل کا کوئی نہ کوئی حل نکالیں۔ مزید برآں عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ آج حکمرانوں کو صرف اپنے مفادات نظر آرہے ہیں، کسی کو عوام اور ملک کی پروا نہیں ہر پاکستانی پریشان ہے، حکومت میں ہونے کے باوجود مسلم لیگ ن کو پذیرائی حاصل نہیں، عمران خان کی جیل میں تربیت ہورہی ہے اور ہر سیاستدان جیل جاتا ہے وہاں اچھی تربیت ہوتی ہے۔سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کی باتیں پارلیمان کے اندر ہونی چاہیے، ملک میں نفاق ہوگا تو بیرونی مداخلت ہوگی جہاں انصاف نہ ہو وہاں نظام نہیں چل سکتا، اقتدار چھوڑ کر آئے ہیں، اپنے مفادات کیلیے نہیں آئے، ن لیگ سے کوئی ناراضگی نہیں ہے جب ن لیگ نے اقتدار کو عزت دو کو اہمیت دی تو میں نے علیحدگی اختیار کی۔