اسلام آباد(اے پی پی) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ حکومت اور حزب اختلاف کے درمیان مذاکرات شروع ہو گئے ہیں، جس سے ملک میں جاری سیاسی کشیدگی کے ممکنہ حل کی راہ ہموار ہو گئی ہے ، امید ہے کہ معاملات کو خوش اسلوبی سے حل کیا جائے گا۔ اپنے ایک انٹرویو میں سینیٹر عرفان صدیقی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے ساتھ پرامن حل تلاش کرنے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے مسائل کے حل کے لیے بات چیت اور مفاہمت ہی واحد راستہ ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت آگے بڑھنے کے لیے کھلے دل سے بات چیت کے لیے تیار ہے۔ سینیٹرعرفان صدیقی نے پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کے ارکان میں برداشت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعمیری بات چیت میں حصہ لیں اور نتیجہ خیز اور پرامن حل کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے اشتعال انگیز بیانات سے گریز کریں۔