قائداعظم نے دوقومی نظریہ کے تحت مسلمانان برصغیر کا مقدمہ لڑا،شکیل غوری

84

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ڈیفنس پیس موومنٹ سندھ کی جانب سے بانی پاکستان محمد علی جناح کی 148 ویں سالگرہ کے موقع پر چیئرمین یو سی 13 کے آفس میں بانی پاکستان قائد اعظم کی سالگرہ کی تقریب منعقد ہوئی جس میں سماجی شخصیات، فاروق میمن، محمد شاہد قریشی چیئرمین یوسی 13 و دیگر نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین شکیل احمد غوری نے کہا کہ برصغیر کے مسلمان ظلم و ستم کا نشانہ بنے ہوئے تھے، ہندو اپنی منافقانہ سوچ سے ہر میدان میں پیچھے رکھنا چاہتے تھے اور انگریز حقارت کی نگاہ سے دیکھتے، ایسے میں قائداعظم نے آل انڈیا مسلم لیگ میں شامل ہو کر دو قومی نظریہ کے تحت مسلمانانِ برصغیر کا مقدمہ ہر فورم پر لڑا، حالت بیماری، دن رات کاوشوں سے جدوجہد آزادی کی جنگ لڑتے رہے اور قرار داد پاکستان پیش کرکے انتہائی جدوجہد کے بعد پاکستان حاصل کیا، برصغیر کے مسلمانوں کو ایک لڑی میں پرویا اور اپنی جوش ولولہ تقاریر سے اتحاد، ایمان تنظیم کے سنہرے اُصولوں کا سبق دیا۔ وائس چیئرمین محمد علی آزاد، ثمرین اقبال چیئرمین یو سی 13 شاہد قریشی اور ایڈووکیٹ بشیر سیٹھار نے اپنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم تمام جلسے جلوسوں اور انگریزوں کے سامنے مسلمانوں کے لیے الگ وطن کا مطالبہ کرتے، آخر کار آپ کی کوششیں اور مسلمانوں کی قربانیاں رنگ لے آئیں اور پاکستان قائم ہوا، انہوں نے قائداعظم کو خراج تحسین و عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں درپیش دشواریوں پر قائداعظم کے فرمان، اُصولوں کی روشنی میں قانون اور آئین پر عمل درآمد کے ذریعے ہی قابو پایا جاسکتا ہے، ان کے وژن پر عمل کر کے ہی ملک کو ترقی کی را ہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے، ان کے قول و فعل ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔ تقریب سے ڈسٹرکٹ کے صدر جاوید جمال، جنرل سیکرٹری حسین قریشی، سینئر نائب صدر سہیل سومرو، سٹی کے صدر ایاز قریشی، جنرل سیکرٹری جاوید سومرو نے قائداعظم اور ان کے رفقاء کی لازوال قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کی، آخر میں قائد اعظم 148 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور وطن عزیز کے لیے خصوصی دُعا کی گئی۔