ابوبکرصدیقؓ سے محبت کرنے والے ہمیشہ کامیاب رہیں گے،علماء کرام

86

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) سنی رابطہ کونسل حیدرآباد کے زیر اہتمام بسلسلہ یوم وفات حضرت سیدنا ابوبکر صدیق بن ابی قہافہ رضی اللہ تعالی سالانہ روایتی مدح صحابہ جلوس نکالا گیا، اللہ والا چوک ہیرآباد سے نکلنے والا جلوس مختلف راستوں سے گزرتا ہوا پریس کلب کلب پہنچا، جلوس میں سیکڑوں کارکنان شریک تھے جو سیدنا ابوبکر صدیق کے یوم وفات کو سرکاری سطح پر منانے اور عام تعطیل کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ اس موقع پر جلوس کی قیادت کرتے ہوئے سنی رابطہ کونسل کے رہنمائوں سائیں عبدالرزاق خان، مفتی سعید احمد قدوسی، علامہ عبدالصمد حیدری، آصف غنی راجپوت، محمد اللہ قریشی، محرم دین فاروقی، شاہد غوری، شبیر احمد حسینی، مفتی ابوبکر فاروقی، اسماعیل قریشی اور عبدالرحمن ٹالپر سمیت دیگر نے اپنے خطاب میں کہا کہ خلیفہ اول، امیرالمومنین حضرت سیدنا ابوبکر صدیق نے ہمیشہ رسالت مآب ﷺ کی خدمت اقدس ﷺ میں رہتے ہوئے آپ ﷺ کی سیرت پر عمل پیرا رہ کر سیرت ﷺ پر ایسا عمل کیا کہ رہتی دنیا تک انبیاء علیہم صلاۃ و سلام کے بعد آپ کے درجے تک کوئی انسان نہیں پہنچ سکتا۔ نبی آخر الزماں ﷺ کی محبت پر اپنا تن من دھن لٹا کر فنا فی الرسول ﷺ ہو کر دنیا و آخرت میں ہمیشہ ہمیشہ درجہ اول ہوگئے۔ رہنمائوں نے کہا کہ ابوبکر صدیق عدو ہمیشہ رسوا رہیں گے اور ابوبکر صدیق سے محبت اور کردار پر چلنے والے کامیاب و کامران رہیں گے، ان شاء اللہ ابوبکر صدیق جیسے عظیم شخص پر اللہ کی رحمتیں نازل ہوتی رہیں گی اور تاقیامت نبی ﷺ کے قرب میں سوئے ہوئے ابوبکر صدیق کی شان بلند رہے گی۔ رہنمائوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ خلیفہ اول سیدنا ابو بکر صدیق کے یوم وفات پر عام تعطیل کرکے اس دن کو سرکاری سطح پر منایا جائے۔