سجاول (نمائندہ جسارت) 22 جمادی الثانی 25 دسمبر خلیفہ بلا فصل حضرت سیدنا ابوبکر صدیق ؓ کے یومِ وفات کی نسبت سے پورے ملک کی طرح سجاول شہر میں بھی بعد نماز ظہر جامع مسجد خالد بن ولید سے مدح صحابہ جلوس عرفان ہاشمی، حافظ اسماعیل الحداد، محمد الیاس فاروقی، حافظ سلیمان راجا اور عبدالجبار عاجز کی قیادت میں نکالا گیا جس میں شہریوں اور آس پاس کے علاقوں کے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شہریوں نے خلیفہ بلا فصل حضرت سیدنا ابوبکر صدیق ؓ کی محبت اور عقیدت میں خود بخود دل جمعی کے ساتھ شرکت کی اور آخر تک جلوس میں شامل رہے۔ جلوس سے خطاب کرتے ہوئے سنی رابطہ کونسل کے رہنمائوں نے کہا کہ حضرت سیدنا ابوبکر صدیق ؓکی یوم وفات پر پورے ملک میں مطالباتی جلوس نکالے جا رہے ہیں جن کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ 22 جمادی الثانی کو تعطیل کر کے یہ دن سرکاری سطح پر منایا جائے، انشاء اللہ سنی قوم کا یہ دیرینہ مطالبہ ایک دن حکومت ضرور مانے گی، اب سنی قوم بیدار ہو چکی اور ہم تب تک خاموش نہیں رہیں گے جب تک خلفائے راشدین کے ایام کو سرکاری سطح پر نہیں منایا جاتا، جلوس میں شان صدیق اکبر ؓ اور شان صحابہ ؓ کے نعروں سے پورا شہری گونجتا رہا۔