کشمور کندھکوٹ نوگو ایریا بن چکا، اسد اللہ بھٹو

44

سکھر (نمائندہ جسارت) ملی یکجہتی کونسل سندھ کے صدر، سابق رکن قومی اسمبلی اسد اللہ بھٹو نے کہا ہے کہ ضلع کشمور کندھکوٹ نوگو ایریا بن چکا، ڈاکو راج قائم ہے، ڈاکو تاوان اور بھتے کی پرچیاں بھیج رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمور کندھکوٹ میں لاقانونیت، اغوا اور ڈاکو راج کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور دھرنا مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کندھکوٹ کشمور سے آل پارٹیز موومنٹ، شہری اتحاد، سول سوسائٹی اور ہندو برادری نے ریلی کی صورت میں گاڑیوں میں پریس کلب پہنچ کر دھرنا دیا۔ مظاہرے سے صوبائی اسسٹنٹ سیکرٹری مولانا حزب اللہ جکھرو، امیر ضلع زبیر حفیظ شیخ، ہندو پنچایت کے مکی ایشور لال، جمال الدین اوگاھی، دھنی بخش چاچڑ، روشن الدین بھرو، غلام مصطفی میرانی، حضور بخش مغل، ظریت بجارانی اور دیگر نے شرکت و خطاب کیا۔ رہنماؤں نے کہا کہ پولیس مکمل ناکام ہو چکی ہے، ہندو بھائیوں کو اغوا کر کے سندھ اور ملک چھوڑنے پر مجبور کیا جا رہا ہے، مجرمانہ واقعات میں 30 سے زائد افراد زخمی کیے جا چکے ہیں، علاقے بنجر جبکہ اسکول ویران ہیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ بہت سے ہندو خاندان ملک چھوڑ کر بھارت نقل مکانی کر چکے، دیگر بے امنی کے باعث شہر خالی کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے امن و امان کی بحالی، لوگوں کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔