کراچی(نمائندہ جسارت)گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے انکشاف کیا ہے کہ بیچارے احمد چنائے 3 بار شیروانی سلواچکے ہیں۔گورنرہائوس میںیوم ثقافت کی تقریب سے خطاب میں کامران ٹیسوری نے کہا کہ مہاجر ثقافت دن کو شہدا کی فیملیز کے نام منسوب کرتا ہوں۔ کوئی شک میں نہ رہے، پاکستان بنایا بھی ہم ہی نے تھا اور ہم ہی اسے بچائیں گے۔گورنر سندھ نے مزید کہا کہ میری گورنرشپ چھوٹی سی قیمت ہے، جانا ہوگی تو چلی جائے گی، اصل میری قوم ہے اور مجھے میری قوم اور مہاجر ہونے پر فخر ہے۔انہوں نے کہاکہ مجھے کوئی ندامت یا شرمندگی نہیں، بار بار میڈیا پر چلتا ہے کہ آج جارہا ہوں کل جارہا ہوں۔کامران ٹیسوری نے یہ بھی کہا کہ خالد مقبول صدیقی بھائی نے کہہ دیا ہے کہ ان سے پوچھے بغیر کوئی نہیں ہٹا سکتا، وہ میرے پیچھے کھڑے ہیں۔بانی پاکستان کے یوم پیدائش پر مزار قائد پر میڈیا سے گفتگو کے دوران گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے درمیان دلچسپ جملوں کا تبادلہ ہوا۔گورنر سندھ نے وزیراعلیٰ سندھ کو مخاطب کرکے کہا کہ وزیر اعظم سے جب بات کریں کراچی کے لیے بھی فنڈ ریلیز کروائیں ۔وزیر اعلیٰ سندھ نے جواب میں کہا کہ کراچی میرا شہر ہے اس کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی ہم سب کاہے اس دوران وزیر اعلیٰ سندھ نے گورنرسندھ کو مخاطب کرکے کہا کہ آپ صرف کراچی کی بات کررہے ہیں آپ پورے سندھ کے گورنر ہیں ۔ وزیراعلیٰ کے جواب پر گورنر سندھ نے مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ میں کراچی اور پورے سندھ کا گورنر ہوں۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے کراچی کے لیے کے فور منصوبہ،بی آر ٹی منصوبہ سمیت بڑے بڑے پروجیکٹس پر کام جاری ہے۔