راولپنڈی (صباح نیوز)راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں 2ملزمان کے اشتہار جاری کرتے ہوئے انہیں24 جنوری تک عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کے جج امجد علی شاہ نے ملزمان شہیر سکندر اور محمد عاصم کے اشتہار جاری کیے۔ خصوصی عدالت کی جانب سے جاری کردہ اشتہار میں ملزمان کو 24 جنوری تک عدالت میں پیش ہونے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔ ملزمان کے پیش نہ ہونے پر ان کو اشتہاری قرار دے دیا جائے گا اور ملزمان کی جائیداد کی قرقی کا عمل بھی شروع کر دیا جائے گا۔ اس سے قبل،
رواں ماہ13 دسمبر کو انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے9 مئی2023ء کو مسلم لیگ (ن) کا آفس جلانے کے مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنمائوں میاں اسلم اقبال، حماد اظہر اور مراد سعید سمیت دیگر ملزمان کو اشتہاری قرار دے دیا تھا۔ انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے ملزمان کے دائمی ورانٹ گرفتاری بھی جاری کردیے۔