قائداعظم کا 148واں یوم ولادت جوش وجذبے سے منایاگیا

56

کراچی(اسٹاف رپورٹر)بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کا 148 واں یوم ولادت کراچی سمیت ملک بھر میں روایتی جوش و جذبے سے منایا گیا۔دن کا آغاز وفاقی اور
صوبائی دارالحکومتوں میں توپوں کی سلامی سے ہوا،نماز فجر کے بعد ملک میں امن خوشحالی اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔بانی پاکستان کے یوم ولادت پر مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی ۔ جس میں پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے چاق و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔اس موقع پر کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میجر جنرل افتخار حسن چوہدری نے مزار قائد پر سلامی دی۔پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کے بعد مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کیے اور بابائے قوم کو ان کی شاندار خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا۔مزار قائد پر پاک فضائیہ کے دستے نے بھی سلامی پیش کی ۔تینوں مسلح افواج کے نمائندوں نے مزار قائد پر حاضری دی،پھولوں چڑھائے اورفاتحہ خوانی کی۔مزار قائد پرگورنر سندھ کامران خان ٹیسوری ،وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ،سینئروزیر سندھ شرجیل انعام میمن سمیت صوبائی کابینہ کے ارکان،سول وعسکری حکام نے حاضری دی ،پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی ۔گورنر سندھ اور وزیراعلی سندھ نے مزار قائد اعظم پر حاضری کے بعد مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کیے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ بانی پاکستان کے148ویں یوم پیدائش پرمزارقائد پرحاضرہیں اورقائداعظم کی پاکستان کے لیے خدمات کوخراج عقیدت پیش کرتاہوں۔ پاکستان مشکل دور سے گزر رہاہے۔مشکل مراحل سے گزر رہے ہیں۔ قوم کومایوس نہیں ہونا۔پاکستان ضرور ترقی کریگا۔وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی مزار قائد پر میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ25 دسمبر 2024 کو قائداعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرنے گورنر اور اپنی کابینہ کے ساتھ آیا ہوں۔محمد علی جناح نے ہمیں پیارا ملک پاکستان دیا ہے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ قائد اعظم کے نظریے کے مطابق اس ملک کو بیرونی سازشوں سے بچانا ہے۔اللہ پاک کے حکم سے پاکستان کو آئے والی نسلوں کیلئے امن پسند اور ترقی یافتہ ملک بنائیں گے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ہمیں تمام شہیدوں کے احسانوں کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ شہید عوام ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کو ایٹمی طاقت دی۔ شہید جمہوریت بے نظیر بھٹو نے ملک کو میزئل ٹیکنالاجی ملک کے دفاع کو مزید مضبوط بنایا۔ہماری بہادر افواج، پولیس اور جمہوریت کے شہدا کو بھی یاد کرنا چاہئے، وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ہمارے شہدا کی وجہ سے آج ہم مستحکم ہیں۔اسوقت کی حکومت صدر آصف علی زردای اور وزیراعظم شہباز شریف کی رہنمائی میں ملک معاشی اور امن امان کو بہتر بنایا جائے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ میں آج کے دن مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتا ہوں۔ وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ سندھ امن کاگہوارہ رہاہے۔ماضی میں افغان شہریوں کیلیے نرمی رکھی گئی۔ہم نے تارکین وطن کوشناخت کرکے واپس بھیجا۔سندھ حکومت قانونی کی بالادستی پرعمل پیرا ہے۔بانی پاکستان کے یوم پیدائش کی مناسبت سے ملک بھر میں سیمینار۔کانفرنسز اور دیگر تقریبات منعقد ہوئیں ۔ان تقریبات میں قائد اعظم محمد جناح کو ان کی برصغیر کے مسلمانوں کے لیے آزاد اور خود مختار پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے کی گئی جدوجہد پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔