سنچورین (اسپورٹس ڈیسک) پاکستان اور جنوبی افریقا کے مابین دوٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ آج سے سنچورین میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کا اعلان کردیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کی منیجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی نے جنوبی افریقا کے خلاف سپر اسپورٹس پارک سنچورین میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میں 7 بلے باز کے ساتھ میدان میں اترنے کی حکمت عملی بنائی ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کی اننگز کا آغاز ان فارم صائم ایوب کے ساتھ کپتان شان مسعود کریں گے۔سابق ٹیسٹ کپتان بابر اعظم جنہیں اس سال اکتوبر میں ملتان کے پہلے ٹیسٹ میں 30 اور 5 رنز بنانے پر انگلینڈ کے خلاف دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ سے ڈراپ کردیا گیا تھا،انہیں آئوٹ آف فارم عبداللہ شفیق کی جگہ ٹیم میں شامل کیا جا رہا ہے ۔ اطلاعات کے مطابق جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں بابر اعظم نمبر3 پر کھیلیں گے،کامران غلام نمبر 4، نائب کپتان سعود شکیل نمبر5 جب کہ ون ڈے اور ٹی 20 کپتان وکٹ کیپر محمد رضوان نمبر 6 پر بیٹنگ کریں گے۔اس کے علاوہ بیٹنگ آل رائونڈر سلمان علی آغا نمبر 7 پر بیٹنگ کے لیے آئیں گے۔ دوسری جانب جنوبی افریقا نے پاکستان کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ کیلیے پلیئنگ الیون کا اعلان کر دیا۔ پروٹیز کی قیادت ٹیمبا باووما کریں گے جبکہ سابق جنوبی افریقی کرکٹر ٹیرٹیس بوش کا 30 سالہ بیٹا آل رائونڈر کوربن بوش ڈیبیو ٹیسٹ کھیلے گا۔جنوبی افریقی ٹیم میں ٹونی ڈی زورزی، ایڈن مارکرم، ریان رکلیٹن، ٹرسٹن اسٹبز، ٹیمبا باووما ، ڈیوڈ بیڈنگھم، کائل ویریانے، مارکو یانسن، کگیسو رباڈا، ڈین پیٹرسن، اور کوربن بوش شامل ہیں۔ دوسری جانب پاکستان ٹیم نے سنچورین میں کپتان شان مسعود کی سربراہی میں پہلا پریکٹس سیشن کیا، شان مسعود نے سیریز کے حوالے سے کھلاڑیوں کے ساتھ حکمت عملی شیئر کی جس کے بعد کھلاڑیوں نے وارم اپ اور فیلڈنگ سیشن کیا۔واضح رہے کہ وائٹ بال سیریز کے بعد اب پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز جنوبی افریقا کے نام رہی تھی جبکہ ون ڈے سیریز میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو وائٹ واش کیا تھا۔