کراچی(اسٹاف رپورٹر) شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلوں کے دوران سنگین جرائم میں ملوث زخمی سمیت 3ملزمان کو گرفتار کرلیا ، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ ،موبائل فون ،موٹر سائیکل ،نقدی اور مسروقہ سامان برآمد کر لیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان بازار تھانے کی حدود اورنگی ٹاون نمبر 16جرمن سکول کٹ کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا، دوطرفہ فائرنگ کے تبادلے کے بعد 02 ڈاکو گرفتار کر لیے گئے، گرفتار ملزما ن کی شناخت محمد عباس ولد محمد عظیم اور صمد ولد ندیم کے نام سے ہوئی ۔ جب کہ ان ایک ساتھی موقع سے فرار ہو نے میں کامیاب ہوگیا۔ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق جرمن اسکول کٹ کے قریب 5 مسلح افراد کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک موٹر سائیکل، 9 ایم ایم کے دو پستول، گولیاں، موبائل فونز اور نقدی برآمد کی۔ گرفتار ملزمان نے انکشاف کیا کہ موٹرسائیکل کے انجن اور چیسی نمبر تبدیل کیے گئے تھے، جو کہ اسلحے کے زور پر چھینی گئی تھی۔ایس ایس پی ویسٹ نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے متعدد وارداتوں اور چھینی گئی موٹرسائیکلز اور موبائل فونز کو ایران اسمگل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔