خلق خدا کی فلاح کیلیے کام کرنے والے ادارے قابل تحسین ہیں،ڈپٹی میئر

50

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا ہے کہ خلق خدا کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنے والے ادارے قابل تحسین ہیں، ہمارا مذہب ہمیں سب کا خیال رکھنے اور سب کے دکھ درد میں شریک رہنے کا درس دیتا ہے، عظیم ہیں وہ لوگ جو نیکی کے کاموں میں ایک دوسرے کا ہاتھ بٹاتے اور معاشرے کی فلاح و بہبود میں اپنے حصے کا کردار ادا کرتے ہیں، قائد اعظم محمد علی جناح کا 148 واں یوم ولادت ہمیں اس عظیم رہنما کو خراج تحسین پیش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے جس کی پرعزم اور پرخلوص قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لئے ایک علیحدہ وطن حاصل کیا اور اب اسے ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے میں مصروف ہیں، بلدیہ عظمیٰ کراچی شہریوں کو نچلی سطح پر بنیادی سہولیات کی فراہمی کا اہم ادارہ ہے، کے ایم سی کونسل کے اراکین پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے حلقے کے عوام کی خدمت کریں اور ان کے مسائل تیزی سے حل کرنے کے لئے ہرممکن کوششیں بروئے کار لائیں، پاکستان پیپلزپارٹی کا یہ منشور ہے کہ عوام کی ہر سطح پر بہترین خدمت کی جائے اور لوگوں کے بنیادی مسائل جلد از جلد حل کئے جائیں۔