شیر شاہ سے ناردرن بائی پاس تک سڑک کوبہتر بنانے کیلیے کام شروع

22

کراچی(اسٹاف رپورٹر)میئرکراچی بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انجینئرنگ کے تحت حب ریور روڈ پر شیر شاہ سے نادرن بائی پاس تک سڑک کوبہتر بنانے کے لیے پیچ ورکنگ کا کام شروع کردیا ہے، تاکہ اس اہم روڈ سے گزرنے والے شہریوں کو سہولت فراہم کی جاسکے، حب ریور روڈ کے دونوں ٹریکس پر تقریباً ایک لاکھ 80 ہزار فٹ استرکاری کی جائے گی اور جہاں جہاں سڑک خراب ہے وہاں بھرائی کرکے موٹرایبل بنایا جارہا ہے، حب ریور روڈ کے علاوہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شاہراہ اورنگی، شاہراہ قذافی اور مدینۃ الحکمت روڈ پر بھی پیچ ورکنگ کا کام کررہی ہے جبکہ بابائے خیبر روڈ، میٹروپول پر سڑک کی پیچ ورکنگ کاکام مکمل کیا جاچکا ہے، یہ بات انہوں نے حب ریور روڈ سمیت ضلع غربی کے مختلف علاقوں میں واقع دیگر سڑکوں اور شاہراہوں کی پیچ ورکنگ اور استر کاری کے کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے کہی، میئر کراچی بیر سٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ ضلع غربی اور ضلع کیماڑی میں صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور آمدورفت میں سہولت فراہم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ کراچی کے دیگر اضلاع کی طرح یہاں بھی سڑکوں کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جائے اور ترجیجی بنیادوں پر جہاں جہاں سڑکیں متاثر ہیں انہیں ٹھیک کرکے ٹریفک کی روانی یقینی بنائی جائے، انہوں نے کہا کہ شیر شاہ سے ناردرن بائی پاس تک حب ریور روڈ سے گزرنے والی ٹریفک کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا لہٰذا اس کام کو جلد از جلد مکمل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔