کراچی میں مینگروز کے جنگلات کی کٹائی پر مکمل پابندی عائد

12

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے ضلع کیماڑی میں مختلف پابندیاں عائد کر دیں۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے ضلع کیماڑی کی حدود میں ملبہ، کچرا پھینکنے اور مینگروز کے جنگلات کی کٹائی پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔کمشنر کراچی نے مینگروز اور ساحلی زمین کو تجاوزات سے بچانے کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی، یہ پابندی ڈپٹی کمشنر کیماڑی طارق حسین چانڈیو کی درخواست پر لگائی گئی ہے۔جاری نوٹیفکیشن کے مطابق جو شخص یا ادارہ بھی ان غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، اور پابندی کا اطلاق 23 دسمبر 2024 سے 2 فروری 2025 تک ہوگا۔پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 188 کے تحت مقدمہ درج ہوگا۔واضح رہے کہ سمندری آلودگی کے سبب کراچی کا 129 کلومیٹر ساحل ڈیڈ زون میں تبدیل ہوتا جا رہا ہے، مینگروز کے جنگلات متاثر، مچھلی، کیکڑے اور جھینگوں کی 27 سے زائد اقسام ناپید ہو چکی ہیں۔ملکی اور غیر ملکی غیر سرکاری تنظیموں نے سمندری آلودگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سمندری آلودگی کم کرنے پر زور دیا ہے، آلودگی کے سبب کیماڑی تا منوڑہ سمندر کا پانی سیاہ رنگ میں تبدیل ہو چکا ہے اور مینگروز کے جنگلات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔